ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

کراچی میں منشیات کیخلاف ٹاسک فورس کی کارکردگی رپورٹ جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی میں منشیات کے خلاف ٹاسک فورس کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق 35 سے زائد بدنام زمانہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کارکردگی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ 35 سے زائد بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3 منشیات فروش پولیس سے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں حراست میں لیے گئے، کارروائیاں پیر آباد، مشکی پاڑہ، نیو کراچی اور خمیسو گوٹھ میں کی گئیں جبکہ مومن آباد، فقیر کالونی اور پاک کالونی جہاں آباد میں بھی کریک ڈاؤن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات ضبط کرنے والے اداروں کے لیے ویڈیو گرافی لازمی قرار

عرفان بلوچ نے بتایا کہ ٹاسک فورس نے 11 سے زائد بڑے منشیات کے اڈے ختم کیے، کارروائیوں میں 11 کلو چرس، لاکھوں روپے نقدی، ہیروئن، آئس، شراب اور دیگر ممنوعہ اشیا کی بڑی مقدار برآمد کی، منشیات فروشوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ مشکی پاڑہ اور جہاں آباد کی کچی آبادیوں میں منظم منشیات اڈے قائم تھے، سڑکیں خراب ہونے کے باعث کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا، نئی حکمت عملی سے منشیات کے بڑے اڈے ختم کیے۔

’سات پولیس اہلکاروں کو منشیات فروشوں کی مبینہ سرپرستی پر معطل کر کے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، اہلکار انکوائری کے بعد ملازمت سے برطرف کیے جائیں گے۔‘

چند روز قبل سجاول کے گاؤں علی نواز مگسی میں منشیات فروشوں نے سی آئی اے انچارج اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

سی آئی اے پولیس نے سجاول کے گاؤں علی نواز مگسی میں چھاپے کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا تاہم اس دوران ملزمان نے انچارج سی آئی اے ٹیم وحید مراد چانڈیو اور دیگر اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

سی آئی اے کا کہنا تھا کہ کئی گھنٹے کی کشمکش کے بعد بنوں پولیس اور سکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انچارج سی آئی اے وحید چانڈیو کو بازیاب کرا لیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں