پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار توثیق حیدر نے شادی نہ کرنے کی وجہ بیان کردی۔
اے آر اوئی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں شرجینا (ہانیہ عامر) کے والد (مرتضیٰ) کا کردار نبھانے والے اداکار توثیق احمد نے حالیہ انٹرویو میں نجی زندگی اور دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
شادی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ خاتون کی عمر 40 سال ہوجائے تو کہا جاتا ہے کہ اس کی شادی نہیں ہورہی جبکہ مرد اسی عمر کا ہو تو کہتے ہیں اس نے شادی نہیں کی، یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ خاتون نے شادی نہیں کی ہو یا پھر مرد کی شادی نہیں ہورہی ہو۔
توثیق حیدر نے کہا کہ یہ جملے آپ کی نفسیات پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔
اداکار نے اپنی شادی نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے جو فیڈ بیک مل رہا ہے کہ بڑھاپے کا سہارا کون ہوگا، یعنی اولاد، کون وہیل چیئر چلائے گا، کون کچھ ہوگیا تو اسپتال لے کر جائے گا، کون خدمت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پھر میں ان لوگوں سے جوابی سوال کرتا ہوں کہ یہ بتائیں آپ کی زندگی میں کوئی انکل، چاچا، پھوپھو نہیں ہیں جن کے ماشا اللہ دو، تین بچے ہوں لیکن ان کا بڑھاپا کسمپرسی میں گزر رہا ہو، بچے ملک سے باہر چلے گئے یا پھر خیال نہیں رکھتے ہوں۔
توثیق حیدر نے کہا کہ ایسے بہت سے لوگوں کو جانتا ہوں جو سنگل رہے یا اولاد نہیں ہوئی لیکن بڑھاپا اچھا گزرا، یہ آپ کی اپنی شخصیت ہوتی ہے جو بڑھاپے میں آپ کو اکیلا چھوڑ دیتی ہے یا بے اولاد ہوکر بھی آپ کی ایک آواز پر دس لوگ دوڑے چلے آتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ بڑھاپے میں کسی کی ضرورت ہی نہ پڑے، چلتے پھرتے اس دنیا سے چلے جائیں لیکن اگر ضرورت پڑ بھی گئی تو مجھے علم ہے کہ میری آواز کے اوپر پندرہ سے بیس ایسے لوگ میرے ساتھ ہوں گے جو اولاد سے زیادہ میرا خیال رکھیں گے۔
میزبان نے سوال کیا کہ جو نوجوان آپ کو سن رہے ہیں اگر ان کا دل ٹوٹا ہے تو کس طریقے سے اپنے جذبات پر قابو پائیں اور ان کا کیا ردعمل ہونا چاہیے؟
اداکار نے کہا کہ آپ کا قریبی اس دنیا سے چلا جائے یا پھر آپ کو عشق محبت میں ناکامی ہو تو ضرور رونا چاہیے اور جی بھر روئیں اور دل ٹوٹنے کو کسی قریبی عزیز یا پھر دوست کے ساتھ شیئر ضرور کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کبھی نہیں سمجھیں کہ محبت ایک دفعہ ہوتی ہے اور یہ ایک ہی تھی کیونکہ محبت دوسری بار بھی اتنی ہی شدت سے ہوجاتی ہے۔