بدھ, اکتوبر 23, 2024
اشتہار

زرعی شعبے پر ٹیکس کب سے لگے گا؟ وزیرخزانہ نے بتا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن : وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ زرعی شعبے پر ٹیکس کا اطلاق آئندہ سال کے وسط میں ہوجائے گا۔

یہ بات انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ زرعی ٹیکس سے متعلق قانون سازی آئندہ سال جنوری میں کی جائے گی اور زرعی شعبے پر ٹیکس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوجائے گا۔

بجلی کی قیمتوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں 3گنا اضافہ ہوا۔

- Advertisement -

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے بعض علاقوں میں بجلی کے بل مکانات کے کرایوں سے بھی زیادہ بڑھ گئے ہیں جو لوگوں کے لیے ایک بڑا بوجھ ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے 7 بلین ڈالر کا نیا قرضہ پروگرام حاصل کرنے کے بعد معاشی استحکام کی جانب قدم بڑھایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال میں واجب الادا 26 ارب ڈالر کے قرضوں میں سے 16 ارب ڈالر کا قرضہ شراکت داروں سے حاصل کیا ہے، جن میں چین بھی شامل ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چین سے بجلی منصوبوں کے قرضوں کی ری پروفائلنگ پر مثبت بات چیت ہو رہی ہے، توقع ہے کہ قرضوں کی ری پروفائلنگ کے معاہدے ہوجائیں گے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق فنڈنگ پر بات چیت ہوئی، پاکستانی معیشت میں ٹیکسوں کاحصہ135فیصد تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مرکزی بینک نے مسلسل تین میٹنگز میں اپنی سود کی شرح میں 450بیسس پوائنٹس کی کمی کر کے اسے 22 فیصد سے 17.5 فیصد کر دیا ہے، ماہ نومبر میں اسٹیٹ بینک شرح سود میں مزید کمی کرسکتا ہے۔

یاد رہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ قرضے سے متعلق ہونے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں آئی ایم ایف نے صوبوں سے زیادہ ٹیکس آمدن پر اصرار کیا تھا اور زرعی آمدن پر ٹیکس لگانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زرعی شعبہ اپنے حصے سے کم ٹیکس دیتا ہے، آئی ایم ایف نے تجویز دی کہ صوبائی محصولات بڑھانے کے لیے قومی ٹیکس کونسل کو استعمال کیا جائے، قومی محاصل میں صوبائی ٹیکس کا حصہ ایک فی صد کی کم ترین سطح پر ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں