ٹیکسلا : پی پی سات ٹیکسلا کا ضمنی معرکہ ن لیگ نے جیت لیا۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق نواز لیگ کے امیدوار نے کامیابی حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پی ٹی آئی سے ایک اور نشست چھن گئی۔ ضمنی الیکشن میں نواز لیگ کے امیدوار عمر فاروق نے 46 ہزار 800 ووٹ حاصل کیے جب کہ تحریک انصاف کے عمار صدیق 39 ہزار 655 ووٹ لے سکے۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی7 ٹیکسلا میں ضمنی الیکشن میں پولنگ کا مرحلہ پر امن طریقے سے حل ہوا،مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی ملک عمرفاروق، پی ٹی آئی کے عمار صدیق کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔
اس کے علاوہ پیپلزپارٹی کے چودھری کامران اسلم نے بھی انتخابی دنگل میں حصہ لیا۔ پی پی 7 ٹیکسلا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار 714 ہے،جن میں 90 ہزار 13 خواتین رجسڑڈ ووٹرز شامل ہیں۔
ضمنی انتخاب کے لیے حلقے میں 167 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے۔ یاد رہے کہ پی پی 7 کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے صدیق خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے عمر فاروق کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکسلا میں مسلم لیگ (ن) کی جیت حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔
عوام نے دھرنا اور احتجاجی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن کردی، اپنی نشست ہارنے والے رویے پر نظر ثانی کریں۔ جیت کی خبر سنتے ہی لیگیوں نے خوب جشن منایا آتش بازی کی اور بھنگڑے ڈالے۔