اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں سیشن جج کے گھر مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن ملازمہ طیبہ کا میڈیکل چیک اپ مکمل ہوگیا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ بچی کے دعوے دار والد، بھائی اور والدہ کے ڈی این اے نمونے لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مبینہ تشدد کا شکار کمسن ملازمہ طیبہ کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا۔ طیبہ کا طبی معائنہ ڈاکٹر طارق کی سربراہی میں 4 رکنی میڈیکل بورڈ نے کیا۔
میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر ایس ایچ وقار، ڈاکٹر حمید الدین اور ڈاکٹراسما شامل ہیں۔
بورڈ نے طیبہ کے جسم پر زخموں کے نشانات کاجائزہ لیا جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے طیبہ کے خون کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے۔ ماہر نفسیات ڈاکٹر اسما نے طیبہ سے کچھ سوالات بھی کیے۔
یاد ررے کہ سیشن جج کے گھر مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن ملازمہ کو باپ ہونے کا دعوے دار شخص عدالت میں راضی نامے کے بعد لے گیا تھا جس کے بعد بچی غائب ہوگئی تھی۔
گزشتہ روز اچانک قریبی رشتہ دارخود ہی طیبہ اور اس کے والدین کو پولیس کے پاس لے آئے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ جج کے گھر میں مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی ننھی ملازمہ کو انصاف ملنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں المیہ ہے کہ جب بھی کمزور طاقتور کے سامنے ہو تو اسے انصاف نہیں ملتا۔
طیبہ تشدد کیس کی مزید سماعت بدھ کو سپریم کورٹ میں ہوگی۔