ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، انہوں نے بھارتی حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کی مذمت اور پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی بزدلانہ حملے نے جنوبی ایشیا میں امن کو شدید خطرےمیں ڈال دیا ہے،
جس میں معصوم شہری، خواتین اور بچے شہید ہوئے۔
اس موقع پر صدراردوان نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستانی عوام کے ساتھ ترکیہ کی یکجہتی کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے بھی پوری قوت سے اپنی خودمختاری ، علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کا جواب نہیں دیا، بھارت نے جارحیت،غیر ذمہ دارانہ ریاستی رویے کا خطرناک راستہ اختیار کیا۔
ترک وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے آج بات کی ہے، ترکیہ پاکستان وزرائے خارجہ نے موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں : فلسطین کی آزادی کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی، طیب اردوان
ترک صدررجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ صورتحال کی کشیدگی کو کم کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ ، ترکیہ پاکستان کے دیرینہ دوست کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، ترک قوم پاکستان کے سفارتی اقدامات کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔