اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

چوک بال ٹورنامنٹ: پہلی بارکھیلنے والی بلوچستان ویمن ٹیم کی تیسری پوزیشن

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ : چوک بال ٹورنامنٹ میں پہلی بار حصہ لینے والی بلوچستان کی ویمن ٹیم تیسر ے نمبر پر براجمان ہوگئی‘ ٹیم نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے کم آبادی والے صوبے بلوچستان ‘ جہاں خواتین کی اسپورٹس سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں‘ وہاں کی ویمن ٹیم چوک بال ٹورنامنٹ میں پہلی بار شریک ہوکر وننگ اسٹینڈ تک پہنچ گئی۔

ذرائع کے مطابق کوچ سرفراز احمد نواز خان کی زیرِ تربیت یہ ٹیم اسلام آباد میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں کپتان فائزہ درانی کی قیادت میں شریک ہوئی‘ اور اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار میں ہی تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

ٹیم کی ممبر حلیمہ کو ایونٹ کی سب سے عمدہ پرفارمر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا جبکہ دیگر ٹیم ممبران میں زہرہ علی‘ زہرہ نبی‘ بی بی زہرہ‘ نرگس علی‘ فرشتہ رضائی‘ ریحانہ علی‘ آسیہ رضوان‘ بسمہ رضوان‘ ندا شکور اور زینب نے بھی ٹیم کی فتح میں اپنا کردار ادا کیا۔

ٹورنا منٹ میں کل 7ٹیموں نے شرکت کی ‘ جن میں پنجاب سے دو‘ سندھ ‘ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان سے ایک جبکہ اسلام آباد اورکشمیر سے بھی ایک ایک ٹیم شامل تھی۔ پنجاب کی ٹیم پہلے نمبر رہی جبکہ خیبر پختونخواہ کی ٹیم دوسرے اور بلوچستان کی ٹیم تیسرے نمبر پر آئی۔

خیال رہے کہ ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سے آئے ہوئے کھلاڑی بھی شامل تھے اور ایسے ایونٹ میں بغیر کسی حکومتی سپورٹ کے بلوچستان کی ہونہار بیٹیوں کی یہ ٹیم اپنی مدد آپ کے تحت شریک ہوئی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر اپنے گھر کو واپس آئی ہے۔

یہ ایونٹ اسلام آباد میں 25 فروری سے 28 فروری تک جاری رہا ‘ جس میں متعدد ٹیموں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہرد کھائے اور حکمرانوں کو واضح پیغام دیا کہ محض ذرا سی توجہ ملنے پر پاکستان کے یہ مایہ ناز کھلاڑی عالمی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ چوک بال ایک ان ڈور کھیل ہے جسے سنہ 1970 میں ایک سوئس ڈاکٹر ہرمن برانڈٹ نے ایجاد کیا تھا۔ یہ ایک دھیمے مزاج کا حامل کھیل ہے جس میں دیگر کھیلوں کی طرح کھلاڑیوں کو چوٹ لگنے کے امکان کم ہوتے ہیں۔ گیم کی ایجاد کا مقصد چوٹ لگنے کی شرح کم کرنا اور ہر عمر‘ نسل ‘ زبان ‘ جنس کے لوگوں کو یکجا ہوکر کھیلنےکے لیے ایک صحت مند پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔

ٹیم میں کل بارہ کھلاڑی ہوتے ہیں جن میں سے سات کورٹ میں اترتے ہیں جبکہ پانچ ریزرو ہوتے ہیں۔ کھیل میں پوائنٹ اسکور کرنےکےلیے کھلاڑی کو بال کو ایسی ضرب دینا ہوتی ہے کہ وہ باؤنس نیٹ سے ٹکرا کر مخالف کھلاڑی کے ہاتھ میں آئے بغیر ڈی سے باہر نکل جائے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں