جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، ون ڈے کھیلنے والے اسکواڈ میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔

ٹیم کے زیادہ تر پلیئر ون ڈے اسکواڈ والے ہی ہیں جس میں صرف 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عابد علی، امام الحق اور محمد رضوان کو ٹی 20 اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔ امام الحق کو انجری کی وجہ سے ٹی 20 سیریز میں شامل نہیں کیا گیا۔

- Advertisement -

ان کی جگہ احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشرف کو ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔ سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتان مقرر کیے گئے ہیں۔

ٹی 20 ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخر زمان، محمد حسنین، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد نواز، محمد عامر، شاداب خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا پہلا میچ شیڈول کے مطابق جمعہ کو کراچی میں ہونا تھا جو بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوسرے میچ کا شیڈول تبدیل کر دیا اور دوسرا ون ڈے میچ 30 ستمبر کو کھیلا گیا۔

دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 67 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر سے لاہور میں ہوگا۔ تینوں ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم 10 سال بعد پاکستان آئی ہے، مہمان ٹیم کےلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں