لندن: ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے نئی حکمت عملی طے کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 89 رنز سے شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے نئی حکمت عملی طے کرلی ہے، ذہنی دباؤ دور کرنے کے لیے ٹیم مینجمنٹ کھلاڑیوں کو لے کر لندن پہنچ گئی۔
ذہنی دباؤ دور کرنے کے لیے کھلاڑیوں کو 2 چھٹیاں دے دی گئیں، کھلاڑی دو دن آرام کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم 20 جون کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس کرے گی، گرین شرٹس اپنا اگلا میچ 23 جون کو جنوبی افریقا کے خلاف لندن میں کھیلے گی۔
مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، گرین شرٹس کو ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے، سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوا تھا جبکہ انگلینڈ کو پاکستان نے شکست دی تھی۔
جنوبی افریقا بھی ورلڈ کپ میں صرف ایک میچ افغانستان کے خلاف ہی جیت سکی ہے، پروٹیز کو بھارت، بنگلہ دیش اور انگلینڈ سے شکست ہوئی ہے۔
قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں مزید چار میچز کھیلنے ہیں، 23 جون کو گرین شرٹس کا مقابلہ پروٹیز سے ہوگا جبکہ گرین شرٹس کا ٹاکرا بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور افغانستان سے بھی ہونا ہے۔