سڈنی: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کینگروز کو زیر کرنے کے لیے پلان بنا لیا ہے، ہمارے تجربہ کار بولرز آسٹریلوی ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، یہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہیں ہم پر کوئی پریشر نہیں۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے قبل سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ 2012 میں انڈر 19 ٹیم کا کپتان بن کر آیا اور اب قومی ٹیم کا کپتان بن کر آنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان نمبر ون ٹیم ہے اور آسٹریلیا بھی اچھی ٹیم ہے شائقین کو زبردست مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، ہماری ٹیم تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، سینئرز اور نئے کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے۔
کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا کو زیر کرنے کے لیے پوری پلاننگ کررکھی ہے، ہم کنڈیشنز سے پوری طرح ہم آہنگ ہوچکے ہیں جب کہ وارم اپ میچ کھیل کر دیگر کھلاڑیوں کو یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ ہوگیا ہے، آسٹریلوی ٹیم بھی اچھی ہے مگر ہمارے تجربہ کار بولرز کینگروز کو جلد آؤٹ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیم 3 نومبر کو آسٹریلیا سے ٹکرائے گی
انہوں نے کہا کہ جب پرفارمنس دیں گے تو پریشر نہیں آئے گا، میں بیٹنگ پر ہوں گا تو صرف بلے بازی کا سوچوں گا لیکن فیلڈنگ کے دوران کپتان بن کر ٹیم کو چلاؤں گا یہ نہیں کہ دونوں طرف پریشر لے کر کھیلوں۔
سرفراز احمد کی عدم موجودگی کے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ بے شک سرفراز احمد کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، انہوں نے ٹیم کو نمبر ون بنایا ، ان کی ٹیم کے لیے گراں قدر خدمات ہیں اور میری کوشش یہی ہوگی کہ ٹیم کو نمبر ون رکھوں۔
آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 3 نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 5 نومبر کو کینبرا میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو پرتھ کے مقام پر کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک برسبین میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔