لاہور: مشن ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگئی، گرین ٹی شرٹس سرفرازاحمدکی قیادت میں میچز کھیلے گی۔
تفصیلات کے مطابق 17 رکنی قومی کرکٹ ٹیم لاہور سے لندن کے لیے روانہ ہوئی، قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلے گی۔
ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپناپہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔
پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہوگا، ورلڈکپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم 27 اپریل کو کینٹ کاؤنٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔
دوسری جانب کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم میں عالمی چیمپئن بننے کی صلاحیت ہے، ٹیم کا ہر کھلاڑی ترپ کا پتہ ہے۔
ٹورنامنٹ کے حوالے سے کپتان سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ پوری تیاری کے ساتھ ورلڈکپ کے لئے جارہے ہیں، جو کام عمران خان نے ورلڈکپ جیت کر پاکستان کے لئے کیا وہ میں بھی کرنا چاہتا ہوں جبکہ مکی آرتھر نے کہا دوسال سے ورلڈکپ کی تیاری کررہے ہیں پہلی کوشش ہوگی کہ ٹاپ فور میں کوالیفائی کریں۔
کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کب اورکہاں میچ کھیلے گی
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے حوصلہ بڑھایا اور دلیری سے کھیلنے کا مشورہ دیا ہے، ورلڈ کپ جیت کر جو کام عمران خان نے پاکستان کے لیے کیا، میں بھی کرنا چاہتاہوں۔
دریں اثنا ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ ٹاپ فورمیں کوالیفائی کریں۔