اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو قتل کرنے کی سپاری کس نے دی؟ گرفتار شوٹرز نے بتادیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، گرفتار شوٹرز نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے ملزمان شوٹر اظہر اور الیاس کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شوٹروں نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں، شوٹرز نے بتایا انہوں نے قتل ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر معصب کے کہنے پر کیا تھا، امیر معصب نے قتل کروانے کے عوض 5 لا کھ روپے اور 2 گھروں کی پیش کش کی۔

- Advertisement -

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث دونوں شوٹر اظہر اور الیاس امیر معصب سے رابطے میں تھے، شوٹرز کی امیر معصب سے ملاقات عارف نے کرائی تھی، عارف پتوکی کا رہائشی اور امیر معصب کا سابق ملازم ہے جو تاحال گرفتار نہیں ہوسکا ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ امیر معصب منصوبہ بندی کے تحت جاوید بٹ کے قتل سے 6 روز قبل بیرون ملک فرار ہوا، قتل میں ملوث دونوں شوٹرز قتل سے پہلے اور بعد میں بھی امیر معصب سے رابطے میں رہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں لاہور میں امیر بالاج ٹیپو قتل کے نامزد ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کو نامعلوم افراد نے دن دیہاڑے کینال روڈ پر قتل کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کا واقعہ کینال روڈ پر ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب اُس وقت پیش آیا جب وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بیٹی کو اسکول سے لینے گلبرگ جا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے، حملے میں جاوید بٹ کی اہلیہ زخمی ہوئیں، ان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی تھی۔

Comments

اہم ترین

احمر کھوکھر
احمر کھوکھر
احمر کھوکھر بطور کرائم نیوز اے آروائی نیوز لاہور سے وابستہ ہیں

مزید خبریں