فلپائن میں ایک 17 سالہ دوشیزہ پراسرار بیماری کا شکار ہوگئی جس کے باعث اس کا چہرہ سوج گیا، غربت کے باعث وہ اپنا علاج کروانے سے قاصر ہے۔
فلپائن کے ایک چھوٹے سے قصبے کی رہائشی یہ لڑکی ایک بچے کی ماں بھی ہے، اس کا کہنا ہے کہ ایک سال قبل اس کے چہرے پر ایک دانہ نکل آیا تھا جس کو چھیڑنے پر ابتدا میں تکلیف شروع ہوئی۔
بعد ازاں اس کا چہرہ سوجنے لگا اور یہ سوجن پورے چہرے پر پھیل گئی جس کی وجہ سے اس کا چہرہ بگڑ گیا۔
اس سوجن نے اس کی آنکھوں اور بصارت کو بھی متاثر کیا ہے اور اب وہ ایک آنکھ سے بمشکل دیکھ پاتی ہے، اس کا کہنا ہے کہ اسے لگتا ہے اس کا چہرہ اب کبھی بھی پہلے جیسا نہیں ہوسکے گا۔
مذکورہ لڑکی کا شوہر ایک کھیت میں کام کرتا ہے اور اس کی آمدنی بمشکل اتنی ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کا پیٹ پال سکے۔
غربت کی وجہ سے وہ ڈاکٹر کے پاس بھی نہ جاسکی اور گھریلو ٹوٹکوں سے ہی اپنی تکلیف کا علاج کرتی رہی۔
ایک سال بعد کچھ پیسے جمع کر کے وہ ڈاکٹر کے پاس گئی تاہم قصبے کے معمولی سے اسپتال میں جدید سہولیات موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے اسے بڑے شہر جانے کا کہا گیا۔
مذکورہ لڑکی اور اس کے شوہر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کر کے لوگوں سے مدد کی اپیل کی ہے تاکہ وہ شہر جاسکیں اور اس پراسرار بیماری کا علاج کرواسکیں۔