ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے: سیکریٹری خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے، بھارت سارک سربراہی اجلاس کے راستے میں رکاوٹ ہے۔ افغانستان کے مسئلے کا حل بھی لازمی ہے، افغانستان میں داعش کی موجودگی مستقل خطرہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ’جنوبی ایشیا میں تنازعات اور تعاون میں اہم طاقتوں کا کردار‘ پر عالمی کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے سارک تنظیم کو یرغمال بنا رکھا ہے، بھارت سارک سربراہی اجلاس کے راستے میں رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام اہم طاقتوں سے رابطے میں ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات ایک مثال ہیں۔ وزیر اعظم کے دورے سے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔

تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل بھی لازمی ہے، افغانستان میں داعش کی موجودگی مستقل خطرہ ہے۔ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بھارت کے ایک قدم کے جواب میں دو قدم کی بات کی، وزیر اعظم نے اپنے خط میں مذاکرات بحالی کی تجویز دی۔ پاک بھارت وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ملاقات بھارت نے منسوخ کی۔

سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ بھارت غیر رسمی ہتھیاروں کو فروغ دے رہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے سکھوں کے تاریخی و مذہبی مقام کرتار پور بارڈر کھولنے اور فراغ دلی کا مظاہرہ کرنے پر بھی بھارت اپنی نفرت انگیز روش سے باز نہ آیا تھا، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

سشما سوراج نے کہا تھا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان سے مذاکرات کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان نے سارک کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں