جدہ: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارت کسی کی بات سننے کو تیار نہیں، وزیر اعظم نے پہلی تقریر میں بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے جدہ میں آرگنائزیشن آف اسلامک کو آپریشن (او آئی سی) کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں آپس کے اختلاف مذاکرات کے ذریعے حل ہوتے ہیں، جنگ اور جنگی جنون مسائل کا ہرگز حل نہیں۔
سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نہ تو او آئی سی اورنہ ہی انسانی حقوق اداروں کی بات سننے کو تیار ہے، وزیر اعظم نے پہلی تقریر میں بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہر روز مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے، بھارت پاکستان کے خلاف اپنی عوام کی نفرت کو ہوا دے رہا ہے۔ بھارت جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے اور اس نے دراندازی بھی کی۔
تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی ممالک اور اقوام متحدہ بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے، دنیا بھارت کے جنگی جنون پھیلانے کا سخت نوٹس لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج مضبوط ہے کبھی جنگ کو مسائل کا حل تصور نہیں کیا۔ ہمیشہ خواہش رہی کہ بھارت تمام معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرے۔
یاد رہے کہ آج صبح بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی، پاک فضائیہ کے بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بھارتی طیاروں کی جانب سے جلد بازی میں پھینکے گئے پے لوڈ کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پالیسی بیان میں کہا کہ بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی، پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول کی حالیہ صورتحال پر اجلاس بلایا ہے۔