لاہور : ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہاہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کو نئی سیکریٹری خارجہ تعینات کر دیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کی بہ طور نئی سیکرٹری خارجہ کے تعیناتی کی منظوری دیدی ہے اس طرح تہمینہ جنجوعہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بن جائیں گی۔
زرائع کے مطابق یہ فیصلہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ کی بہترین کارکردگی اور دیگر ممالک کے ساتھ پائیدار سفارتی تعلقات بحال کرانے کی بناء پر کی گئی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ تہمینہ جنجوعہ مارچ کے پہلے ہفتے میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
واضح رہے کہ تہمینہ جنجوعہ گزشتہ 32 سال سے سفارتی خدمات سر انجام دے رہی ہیں ، وہ2011میں ترجمان وزارت خارجہ کی ذمے داریاں بھی انجام دے چکی ہیں اور اس وقت وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ہیں۔
تہمینہ جنجوعہ اپنی نرم مزاجی اور خوش گفتاری کے باعث سفارتی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں جب کہ دفتر خارجہ کا عملہ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربے سے استفادہ لے گا۔