اسلام آباد : تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون مکمل سیل کردیا گیا اور پولیس کو ریڈ زون میں داخلے پر مظاہرین سے سختی سے نمٹنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ملک گیر احتجاج کے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرلئے گئے۔
وفاقی پولیس نے مظاہرین سے نمٹنے کے لئے تیاری مکمل کر لی اور پولیس اہلکاروں کوریڈزون میں داخلےپرمظاہرین سےسختی سے نمٹنے کا حکم دے دیا۔
مارگلہ روڈ کے علاوہ ریڈ زونز کو ہر طرف سے سیل کر دیا گیا ہے ، اسلام آبادپولیس،ایف سی اوررینجرزکے دوہزارجوان تعینات ہوں گے، پولیس کا کہناہے کہ کسی کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اینٹی رائٹس فورس اوررینجرز کو بھی ریڈزون میں تعینات کیا جا ئے گا ، سیکیورٹی کے انچارج ایس ایس پی آپریشنزاسلام آبادہوں گے۔
ارکان پارلیمنٹ کو بھی الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کو بھی احتجاج کیلئے ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں، احتجاج کے لئے جگہ مختص ہے صرف وہاں پر احتجاج کی اجازت ہو گی۔
خیال رہے پی ٹی آئی کی سینئرقیادت الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرے گی جبکہ ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاترکے باہر بھی پرامن احتجاج کیا جائے گا، مختلف شہروں میں مظاہرے اور جلوس نکالے جائیں گے۔