وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، ایران کی مخلصانہ کوششوں پر اظہار تشکر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے سپریم لیڈرآیت اللہ خامہ ای کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کیلئے ایران کی مخلصانہ کوششوں پر اظہارتشکر کیا، وزیراعظم نے پاکستان کیخلاف بھارت کے بلااشتعال حملوں کی شدید مذمت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بہادر مسلح افواج نے دشمن کو ذمہ دارانہ اور منہ توڑ جواب دیا، پاکستان امن کا خواہاں ہے اسی جذبے کے تحت بھارت کیساتھ جنگ بندی پراتفاق کیا۔
وزیراعظم نے ملکی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا ہرقیمت پر دفاع کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ خلاف ورزی کی کوشش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی 24 کروڑ لوگوں کےلیے لائف لائن ہے۔
انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، ایرانی صدر نے حالیہ کشیدگی کے دوران شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔