لاہور: وزیر اعظم عمران خان اور چوہدری پرویز الہٰی میں آج سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور پرویز الہٰی کے درمیان فون پر رابطہ ہوا ہے، جس میں وزیر اعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور پرویز الہٰی کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے پرویز الہٰی سے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب آپ سے رابطہ کریں گے، ہم سینیٹ الیکشن مسلم لیگ ق کے ساتھ مل کر لڑنا چاہتے ہیں۔
پرویز الہٰی نے وزیر اعظم سے گفتگو میں سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کی ہامی بھری، انھوں نے کہا کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں اور آپ کا پورا ساتھ دیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سینیٹ انتخابات سے قبل متحرک ہو چکے ہیں، انھوں نے ارکان اسمبلی سے رابطے اور ملاقاتیں بھی کی ہیں، وزیر اعلیٰ نے وزرا کو گروپ بنا کر ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عثمان بزدار نے آج ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ممبرز صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقات کی، اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کی خیریت دریافت کی۔
ادھر آج چوہدری پرویز الہٰی مسلم لیگ ق پنجاب کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ ق لیگ ملک کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ اور ضامن جماعت ہے، ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے اداروں کی پشت پر موجود ہیں۔