اسلام آباد: نوجوت سنگھ سدھو نے بھارت پہنچتے ہی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید کو فون کرکے پاک بھارت کرکٹ سیریز سے متعلق تبادلۂ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں بہتری کےامکانات روشن ہوگئے ہیں، نوجوت سنگھ سدھو اور سینیٹر فیصل جاوید کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں پاک بھارت کرکٹ سیریز سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سدھو نے پی ایس ایل اور آئی پی ایل کی فاتح ٹیموں کے درمیان میچز کرانے کی تجویز پیش کر دی، انھوں نے کہا ’دونوں ٹیموں میں بیسٹ آف تھری میچز کی سیریز کھیلی جا سکتی ہے۔‘
میچز کی سیریز کے سلسلے میں نوجوت سدھو بھارتی کرکٹ بورڈ جب کہ فیصل جاوید پی سی بی سے بات کریں گے، بورڈز سے رابطے کے دوران سیریز کے وینیو اور تاریخ سے متعلق فیصلے ہوں گے۔
نوجوت سنگھ سدھو نے اس موقع پر کہا ’کرکٹ دونوں ممالک کو قریب لانے میں مدد دے سکتی ہے، وقت آ گیا ہے دونوں ملکوں کے درمیان برف پگھلے۔‘
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں مجھ پربلاوجہ تنقیدکی گئی جس پربہت دکھ ہے‘ نوجوت سنگھ سدھو
اسے بھی ملاحظہ کریں: وزیراعظم عمران خان نے نوجوت سنگھ سدھو کوامن کا سفیرقراردے دیا
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ’معاملات میں بات چیت کے ذریعے بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔‘ اس موقع پر نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران کی تقریب حلف برداری کے موقع پر بھارت سے نوجوت سنگھ سدھو خصوصی طور پر تشریف لائے تھے، تاہم پاکستان یاترا پر بھارت میں ان کے خلاف شدت پسند ہندوؤں نے مظاہرے شروع کر دیے ہیں۔