کراچی : شہر قائد میں گرمی غضب ڈھا رہی ہے، آج بھی قیامت خیز گرمی پڑنے کا امکان ہے، پارہ 42 ڈگری سے بھی اوپر جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جھلسا دینے والی گرمی نے روزے داروں کو نڈھال کردیا ہے، شہر میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے گرمی کا راج ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفرازکا کہنا ہے کراچی میں آج پارہ بیالیس ڈگری یا اس سے زائد حد کو بھی چھو سکتا ہے اور پورا دن لوکی کیفیت برقرار رہے گی۔
سردارسرفراز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کی نسبت درجہ حرارت2 ڈگری زیادہ رہے گا ، شہر موجودہ درجہ حرارت35ڈگری سینٹی گریڈ ، ہوا میں نمی کا تناسب 30فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغرب کی سمت سے ہواؤں کاسلسلہ جاری ہے اور دوپہر کو ہوائیں8 سے 10 ناٹیکل مائل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے تاہم شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم قدرے بہترہوجائے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کل سے درجہ حرارت میں کمی کاامکان ہے اور درجۂ حرارت اڑتیس سے انتالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے۔
کراچی میں چودہ اپریل سے ایک بار پھر موسم گرم رہنے کا امکان ہے، سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سےگرمی زیادہ ہے ، بلوچستان کے صحرائی علاقوں کی ہوائیں گرمی بڑھنے کی بڑی وجہ ہے۔