اتوار, جون 29, 2025
اشتہار

’’ننگے پیر کھیلتی لڑکی کی لاجواب بیٹنگ‘‘ سچن ٹنڈولکر تو فین ہوگئے، ویڈیو

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر جن کی ایک دنیا فین ہے وہ خود کھیتوں کے قریب میدان میں ننگے پیر کرکٹ کھیلتی لڑکی کی بیٹنگ پر اس کے فین ہوگئے ہیں۔

دنیائے کرکٹ میں اپنے بلے بازی سے تمام سابقہ ریکارڈ چکنا چور کرنے والے سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر نے سوشل میڈیا پر ایک کچے میدان میں مہارت سے بلے بازی کرتی کم عمر لڑکی کی ویڈیو دیکھی تو وہ اس کے فین ہوگئے اور اس ویڈیو کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کر دیا۔

انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بلے بازی کی دنیا کے بڑے ناموں میں سے ایک سچن ٹنڈولکر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بلے بازی کرتی کم عمر لڑکی کی مہارت کے فین ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں کھیتوں کے قریب ایک کم سن لڑکی کو گیند پر وکٹ کے چاروں طرف زبردست شاٹس کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ ویڈیو ممبئی میں ہونے والی ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کی نیلامی کے صرف ایک دن بعد وائرل ہوئی۔

ٹنڈولکر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ کل ہی تو نیلامی ہوئی اور آج میچ بھی شروع؟ کیا بات ہے۔ میں واقعی آپ کی بیٹنگ سے لطف اندوز ہوا۔‘

 

کمسن لڑکی کی جارحانہ بلے بازی کے صرف ٹنڈولکر ہی معترف نہیں نکلے بلکہ بی سی سی آئی کے اعزازی سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ بھی اس لڑکی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

جے شاہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ نوجوان لڑکی کی کرکٹ کی مہارت اور کھیل کے شوق سے حیران ہوں۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ خواتین کرکٹ کا مستقبل اچھے ہاتھوں میں ہے۔ آئیے ہم اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو بااختیار بنانے کے لیے مل کر کام کریں تاکہ وہ مستقبل میں ہمارے گیم چینجر بن سکیں۔‘

 

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں صارفین دیکھ اور پسندیدگی کی سند دینے کے ساتھ دلچسپ تبصرے بھی کرچکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر لڑکی کی جارحانہ اور گراؤنڈ کے چاروں جانب شاٹس کھیلنے پر ان کا موازنہ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی سوریا کمار یادو سے بھی کیا جا رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں