لاہور: مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے باعث پاکستان کو بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑگیا، پاکستان سے ٹینس ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی چھن گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان انتیس اور تیس نومبر کو اسلام آباد میں ٹینس کا ڈیوس کپ ٹائی مقابلہ تھا، بھارت پہلے ہی پاکستان نہ آنے کے بہانے ڈھونڈ رہا تھا اور اب مولانا کے مارچ نے بھارت کی مشکل آسان کردی۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے اپوزیشن کے دھرنے کی وجہ سے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے لی، یہ فیصلہ اسلام آباد میں جاری مارچ اور خطرات کے تناظر میں کیا گیا۔
آئی ٹی ایف نے پاکستان ٹینس فیڈریشن سے کہا ہے کہ ڈیوس کپ میں بھارت سے مقابلے کے لیے پانچ روز میں نیوٹرل وینیو کا فیصلہ کرے۔
مولانا مارچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارتی ٹینس ایسوسی ایشن(اے آئی ٹی اے) نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ میچ کے لیے متبادل میدان کا انتخاب کریں، ایسے حالات میں کھیلنا ممکن نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ڈیوس کپ ٹائی کے میچز 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد میں ہی کھیلے جانے تھے لیکن پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملتوع کردیے گئے تھے، جس کے بعد نئی تاریخ 29 اور 30 نومبر طے کی گئی۔