لندن : روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا پر پندرہ ماہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد ٹینس کھیلنے کی پابندی ختم ہوگئی ہے،ٹینس اسٹار کو آئی ٹی ایف نے ممنوعہ ادویات استعمال کرنے پر سزا سنا ئی تھی۔ جنوری 2016میں ماریہ شراپوا کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیاتھا۔
تفصیلات کے مطابق روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپووا پرٹینس کھیلنے کی پابندی ختم ہوگئی ہے۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے سابق نمبر ون روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا کو ممنوعہ ادویات کے استعمال پر 15 ماہ پابندی کی مدت مکمل ہونے کے بعد ٹینس کورٹ میں واپسی کی اجازت دے دی۔
وہ کل جرمنی میں ہونے والے ٹینس ٹورنامنٹ میں وائلڈ کارڈ انٹری کے تحت شرکت کریں گی۔
یاد رہے کہ ماریہ شراپووانے مارچ 2016 ء میں ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد ان پر دو سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی جبکہ اپیل کے بعد اس پابندی کو 15 ماہ پر محیط کردیاگیا تھا۔
ماریہ شراپوا نے امریکی شہر لاس ایجنلس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران خود تصدیق کی تھی کہ وہ آسٹریلین اوپن کے دوران لیے گئے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہو گئی ہیں۔
مزید پڑھیں : روسی ٹینس اسٹارماریہ شراپوا پر 2 سال کی پابندی عائد
جس پرایکشن لیتے ہوئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پانچ بار کی گرینڈ سلم ونر ماریہ شراپوا پر ٹینس کورٹ کے دروازے دو سال کیلئے بند کردئیے تھے۔