ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

خوفناک حادثے میں بچ جانے والی بچی کو پولیس اہلکار نے کس طرح دلاسا دیا؟ ویڈیو دیکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

نیواڈا: امریکی ریاست نیواڈا میں ہائی وے پولیس اہل کار نے ایک خوف ناک کار حادثے کی متاثرہ 5 سالہ بچی کو دلاسا دینے کے لیے ایک ایسا عمل کیا، جس نے دیکھنے والوں کے دل پگھلا دیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیواڈا ہائی وے پیٹرول اہل کار نے ایک کار حادثے کی متاثرہ روتی ہوئی بچی کو گلے لگا کر اور گود میں اٹھا کر دلاسا دیا، اس منظر کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کے دل پگھلا دیے۔

یہ واقعہ 24 مئی کو فلیمنگو روڈ پر لاس ویگاس کے قریب پیش آیا تھا، نیواڈا ہائی وے پیٹرول سدرن کمانڈ نے متاثرہ بچی کو دلاسا دینے کی یہ ویڈیو ٹویٹر پر شیئر کی جو پولیس اہل کار کی گاڑی کے ڈیش بورڈ پر لگے کیمرے اور خود ان کے بدن پر لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی تھی۔

نیواڈا ہائی وے پیٹرول کا کہنا تھا کہ اہل کار کُوِن کو حادثے کی اطلاع ملی تھی، جس پر وہ جائے حادثہ پہنچا تو اس نے ایک گاڑی دیکھی جس کا اگلا حصہ پوری طرح تباہ ہو کر پچک گیا تھا۔

کار کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ حادثہ ہوتے ہی ایئر بیگ کھل گئے تھے، جس کی وجہ سے کار سواروں کو چوٹیں نہیں آئیں۔ بچی کی ماں نے فری وے اسپید کے ساتھ ہائی وے کی حفاظتی دیوار میں گاڑی دے ماری تھی، جس سے اس کا اگلا حصہ پوری طرح تباہ ہوا، گاڑی میں اس وقت بچی، اس کی ماں اور ایک مرد سوار تھے، تاہم حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

کیمروں میں ریکارڈ والے مناظر کے مطابق جب اہل کار ان کے قریب پہنچا تو ننھی بچی بار بار شکریہ ادا کرنے لگی، تھینک یو تھینک یو، جس پر اہل کار نے بھی کہا تھینک یو، کیا آپ ٹھیک ہیں؟ بچی رو پڑی اور کہا میں ٹھیک ہوں، اور پھر بانہیں کھول کر اہل کار کی طرف بڑھی، جس پر اہل کار گھٹنے کے بل بیٹھ گیا اور بچی کو گلے لگا کر گود میں اٹھا لیا۔ اس دوران بچی روتی رہی اور پولیس اہل کار اسے دلاسا دیتا رہا۔

نیواڈا ہائی وے پیٹرول نے ٹویٹ میں لکھا کہ اہل کار کُوِن نے بہت اچھا عمل کیا، ایسے مواقع پر ہم دردی بہت کارآمد ثابت ہوتی ہے، کیوں کہ بعض اوقات آپ کو بس یہ چاہیے ہوتا ہے کہ کوئی گلے لگا کر کہے کہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں