پشاور: خیبرپختونخوا میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس نے یہ اہم کارروائی کے پی کے دارالحکومت پشاور میں کی، تھانہ متنی کی حدود سے 3دہشتگردگرفتار ہوئے جن سے بھارتی مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا، ملزمان میں بلال، عبدالقدیر اور اختیارگل شامل ہے، گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی آپریشن منصورامان کا کہنا ہے کہ گرفتاردہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے بتایا جاتا ہے، دہشت گردوں سے 4کلوبارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، پرائماکارڈز اور نٹ بولٹ برآمد ہوئے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے 2نائن ایم ایم اور 30بورپستول بھی برآمد ہوئے، دہشت گرد بھتہ خوری، آئی ای ڈی اٹیک اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔
خیبرپختونخوا پولیس کی بڑی کارروائی، 3 دہشت گرد گرفتار
یاد رہے کہ دو روز قبل ضلع چارسدہ میں شب قدر پولیس کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 3 دہشتگرد گرفتار ہوئے تھے۔ ڈی پی او نے بتایا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر بارودی مواد اور 3دستی بم برآمد ہوئے، گرفتار ملزمان نے دہشت گردی کامنصوبہ بنایا تھا، ایک دہشت گرد کے افغانستان میں بڑی تنظیم کے کمانڈر سے روابط تھے۔