اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور تشدد عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، امن ہی ترقی کی ضامن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دھرتی پر امن ہی انسان کے آگے بڑھنے اور ترقی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو نا انصافیوں، امتیازی سلوک اور مظالم کےخلاف لڑنا ہوگا، غریب، محروم طبقات اور بے بس لوگوں کے لیے دنیا کو آواز اٹھانی ہوگی، عالمی برادری کو ترقی پذیر ملکوں میں جمہوریت کو فروغ دینے پر زور دینا ہوگا۔
امن کا عالمی دن: عالمی منشور برائے انسانی حقوق کے 70 سال
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مختلف معاشروں میں مساوات وشفافیت کو فروغ دے، انسانی حقوق کا تحفظ کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، پاکستان نےدہشت گردی کےخلاف لڑتے ہوئے بے پناہ قربانیاں دیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ میں بے نظیربھٹو نےجان کا نذرانہ دیا، عوام اور فورسز کے افسران وجوانوں نے بھی وطن کے لیے جانیں قربانی کیں، عزم کرتے ہیں پیپلزپارٹی ملک ودنیا میں امن کے لیے جدوجہد کرے گی۔
خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ رواں برس عالمی منشور برائے انسانی حقوق کی منظوری کے 70 سال مکمل ہونے پر اس دن کو ’امن کے حق‘ کے مرکزی خیال کے تحت منایا جارہا ہے۔