ڈی آئی خان : آئل اینڈ گیس کمپنی کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملے کرکے دوپولیس اہلکاروں کو شہید اورتین کو زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسمعیل خان کے علاقے درازندہ میں آئل اینڈ گیس کمپنی کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کے دوران ڈیوٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی اصغر علی شاہ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ایک اہلکار کی حالت تشویشناک ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ الحاج آئل اینڈ گیس پرائیویٹ ڈرلنگ کمپنی پر ہوا ہے، دہشت گردوں نے کمپنی کیمپ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
اصغر علی شاہ کا کہنا تھا کہ موقع پر مزید پولیس نفری پہنچ گئی ہے جبکہ دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے، حملے میں اے ایس آئی رحمت الٰہی اور خان عارف شہید ہوئے ہیں اور زخمیوں میں عالمگیر خان، فضل الرحمان اور عطاء الرحمن شامل ہیں۔
سابق صدرآصف زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے شہداکے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔