راولپنڈی: ڈی جی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی جی خان میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، دہشت گردوں نے گشت کرنے والی رینجرز کی ٹیم پر فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے کرنل ایوب اور سپاہی ریحان زخمی ہوئے۔
دوسری جانب ضلع باجوڑ میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، حساس ادارے کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے تحصیل لوئی ماموند کے گاؤں امانتہ میں ایک خشک دریا کے قریب زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے علاقے کو بڑی تباہی سے بچالیا۔
برآمد ہونے والے اسلحہ میں راکٹ کے گولے، ہینڈ گرنیڈ، میزائل، آئی ڈیز، سفیلہ گن، کارتوس، بم بنانے کے سامان اور میگزین کے علاوہ بارودی سامان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ستمبر میں قلات میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ دو جوان شہید ہوگئے تھے۔
دہشت گردوں کے قبضے سے 2 خودکش جیکٹس، دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔