راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان آرمی کے کور ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے کے شدید الفاظ میں مذمت کرتے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں اور ہمیں انہیں شکست دینا ہو گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے افغان شہر مزار شریف میں آرمی کے کور ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ نے افغانستان حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے افغان سیکیورٹی فورسز اور برادر افغان قوم سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
افغانستان میں فوجی ہیڈکوارٹر پرحملہ‘140فوجی ہلاک
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں اور ہمیں مل کر انہیں شکست دینا ہوگی کہ خطے میں فساد برپا کرنے والے امن دشمنوں اور انسانیت کے قاتلوں کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جا سکتی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نماز جمعہ کے دوران افغان طالبان نے افغان آرمی کی وردیاں پہن کر مزار شریف میں واقع افغان نیشنل آرمی کی 209 ویں شاہین کور پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 140 سے زائد افغان فوجی جاں بحق ہوگئے تھے۔