راولپنڈی : پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے آرمی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں حولدارتنویرشہید اور ایک جوان زخمی ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں حولدارتنویر شہید اور ایک جوان زخمی ہوگیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے باجوڑ سیکٹر آرمی چیک پوسٹ کونشانہ بنایاگیا۔
Terrorists fired from across on #Pakistan Army post along PAK- Afg Border in #Bajaur. Resultantly Havaldar Tanveer embraced Shahadat while one soldier got injured. pic.twitter.com/1RqzEjqWzE
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) October 14, 2020
یاد رہے گذشتہ ماہ بھی پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے پاکستانی پوسٹ پر فائرنگ کی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں ایک سپاہی صابرشاہ شہید ہوگیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان متعدد بار بارڈرمینجمنٹ کا معاملہ اٹھاتارہا ہے اور افغانستان کو پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین استعمال کرنے سے روکنے کیلئے بارہا کہا گیا ہے۔
اس سے قبل اگست میں پاک افغان بارڈر پر دیر کے علاقے بن شاہی میں سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کا ایک جوان لانس نائیک سمیع اللہ شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے، سرحد پار سے فائرنگ کے دوران مارٹر اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔
خیال رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل ضلع باجوڑ میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہری جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔