کراچی: قومی ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے اپنی کارکردگی میں تسلسل نہ ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ مانتا ہوں کے ٹیسٹ میچز میں پانچ سے دس وکٹیں نہیں لے پارہا ہوں، میرا زیادہ یہی کردار رہا ہے کہ فاسٹ بولرز کی مدد کروں، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کے لئے پرعزم ہوں۔
لیگ اسپنر نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے تین دن سے نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کررہے ہیں، سابق کھلاڑیوں نے کچھ کارآمد ٹپس دی ہیں، ٹیسٹ میچز کیلئے مخصوص ٹاسک کے مطابق پریکٹس جاری ہے۔
ویڈیو کانفرنس میں یاسر شاہ نے کہا کہ خوشی یہی ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم بھی پاکستان میں کھیلے گی۔
دوسری جانب پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہے، بائیو سیکیور ببل کے تحت جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی بار نیشنل اسٹیڈیم میں نیب پریکٹس کررہی ہے۔
Pakistan and @OfficialCSA team training session at the NSK!#PAKvSA #HarHaalMainCricket pic.twitter.com/iy0mcZafx1
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 23, 2021
جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز کے لئے حتمی سولہ رکنی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے، دونوں ٹیموں کےدرمیان پہلا ٹیسٹ26 جنوری سےشیڈول ہے۔
ٹریفک کی صورت حال
نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کی پریکٹس کے باعث سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، ٹریفک پولیس نے اسٹیڈیم جانے والی سڑکوں کو ہر ٹریفک کے لیے بند کررکھا ہے، حسن اسکوائر،کارساز، نیوٹاؤن اور راشدمنہاس رو ڈسےاسٹیڈیم جانے والی سڑکیں مکمل بند ہیں، نیوٹاون سے ٹریفک کو جیل چورنگی کی جانب موڑا جارہا ہے جبکہ کارساز سے ٹریفک ڈرگ روڈ اور نیپا سے نیوٹاؤن کی جانب بھیجا جارہا ہے۔