بدھ, اکتوبر 2, 2024
اشتہار

ویڈیو: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا ملتان پہنچنے پر پُرتپاک استقبال

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم بین اسٹوکس کی قیادت میں رات گئے پاکستان پہنچ گئی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز سات اکتوبر سے ہوگا۔ سیریز کھیلنے کے لیے انگلش ٹیم آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی قیادت میں ملتان پاکستان پہنچ گئی۔

انگلش ٹیم کا ملتان پہنچنے پر روایتی انداز میں پُر تپاک استقبال کیا گیا۔ جس کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔

- Advertisement -

مہمان ٹیم کو قافلے کی صورت سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا جہاں لوک فنکاروں نے روایتی رقص بھی پیش کیا۔ انگلش کرکٹر اپنا پرتپاک استقبال دیکھ کر محظوظ ہوئے اور کئی کھلاڑیوں نے ان لمحات کو اپنے موبائل کیمروں میں محفوظ کیا۔

ہوٹل آمد پر انتظامیہ کی جانب سے مہمان کھلاڑیوں کو روایتی اجرک کے تحائف اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے جب کہ کرکٹرز نے ہوٹل لابی میں موجود افراد سے مصافحہ بھی کیا۔

 

انگلینڈ کی ٹیم دو دن آرام کرے گی اور 4 اکتوبر سے پریکٹس شروع کرے گی۔

سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر سے ملتان اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ بھی اسی اسٹیڈیم میں 15 اکتوبر سے جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 اکتوبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

مذکورہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا حصہ ہے جس کی دو ٹاپ ٹیمیں آئندہ سال جون میں انگلینڈ میں فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔

اس وقت ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹ ٹیبل پر بھارت پہلی اور آسٹریلیا دوسری پوزیشن پر ہے۔ انگلینڈ کی چوتھی پوزیشن ہے جب کہ پاکستان گزشتہ ماہ ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش سے وائٹ واش ہونے کے بعد آٹھویں پوزیشن پر ہے اور اس سے نیچے صرف ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں