اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ٹیکسٹائل وفد جلد ترکی کا دورہ کرے گا۔
تفصیلات کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ترک مہمانوں کو ان کے دوسرےگھرمیں خوش آمدید کہتے ہیں۔
عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ہمارےدونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تذویراتی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک نے اسٹریٹجک فریم ورک پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترک بزنس فورم کا 2 روز سے اجلاس جاری تھا، سیاحت، کان کنی،تجارت، اقتصادی تعلقات کے فروغ پر بات ہوئی۔
مشیر تجارت نے کہا کہ ترک بزنس کمیونٹی کو پاک چین جوائنٹ ونچرز میں خوش آمدید کہیں گے، دونوں ملکوں نے اسٹریٹجک فریم ورک پر اتفاق کیا، دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد پاکستان سے ٹیکسٹائل وفد ترکی کا دورہ کرے گا۔
بعدازاں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ترک تاجر برادری کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے کئی مواقع ہیں ، پاکستان میں ترک تاجر برادری کو ویلکم کرتا ہوں ، پاکستان میں سیاحت ، تجارت کے بہترین اور قدرتی مائننگ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔