کراچی : آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت ٹیکسٹائل برآمدات نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس حوالے سے اپٹما عہدیدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 2ارب 81 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایک سال میں پونے3 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کی کمی آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائے پروگرام کی رقم جتنی ہے۔
اپٹما کے مطابق جون2022 کے مقابلے جون 2023 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 13 فیصد کمی واقع ہوئی، جون 2022 کے1.71ارب ڈالر کے مقابلے جون 2023 میں برآمدات 1.48ارب ڈالر رہی۔
مالی سال 2023 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 15فیصد کی نمایاں کمی ہوئی، مالی سال 2023 میں 12ماہ میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 16ارب 51کروڑ ڈالر رہی۔
مالی سال 2022 میں ٹیکسٹائل کی برآمدات 19 ارب 32 کروڑ ڈالر تھی، اکتوبر 2022سے مسلسل 9 ماہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، مالی سال 2022 میں تاریخ میں پہلی بار ٹیکسٹائل کی برآمدات 19ارب 30کروڑ ڈالر تھیں۔