لاہور : سوئی ناردرن کی جانب سے پنجاب بھر میں ٹیکسٹائل ملوں کو گیس کی فراہمی تاحال بند ہے، گیس نہ ملنے سے پنجاب کی ٹیکسٹائل ملز بند ہونے لگیں، مزدور بےروزگار ہوگئے۔
سوئی ناردرن نے کہا کہ سپلائی دو دن کیلئے معطل کی گئی جبکہ اپٹما نے کہا کہ پیداواری استعداد 35فیصد کم ہوگئی، طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے صنعتی اداروں کو بجلی پہلے ہی دستیاب نہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدکردہ ایل این جی سسٹم میں بروقت شامل نہ کرنے پرگیس کی قلت ہوئی، گیس بحران کے خاتمے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
سوئی ناردرن گیس کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹ استعمال کرنے والی ٹیکسٹائل ملز کی گیس بندکی گئی، ایل این جی جہاز لنگرانداز ہونے کے بعد گیس کی قلت ختم ہوجائے گی۔
مزید پڑھیں : پنجاب میں بجلی کے بعد گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا
قبل ازیں وزیراعظم کے مشیر مصدق ملک نے آپٹما کے وفد کو بتایا تھا کہ ایل این جی کا کارگو جہاز پہنچنے میں تاخیر ہوگئی ہے،جمعہ کی رات گیس بحال کردی جائے گی لیکن تازہ اطلاع ملی ہے کہ گیس کی سپلائی غیر مدت تک بند کردی گئی ہے۔ جس پر مل مالکان نے احتجاج کا فیصلہ کیا۔