جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

عدالت تیزگام حادثے کے متاثرین کو معاوضہ ادا نہ کیے جانے پر برہم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے تیز گام حادثے کے متاثرین کو تاحال معاوضہ ادا نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے تیزگام ریلوے حادثے کی آزادانہ انکوائری کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے متاثرین کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا تھا تو ٹرین حادثے کے متاثرین کو معاوضہ ابھی تک کیوں ادا نہیں کیا گیا؟ وکیل ریلوے نے عدالت کو بتایا کہ وفاق نے ٹرین متاثرین کے معاوضے ادا کرنے ہیں۔

دریں اثنا، عدالت نے وفاق اور وزارت ریلوے سے ٹرین حادثات سے بچنے سے متعلق اقدامات پر اور تیز گام ٹرین حادثے کی انکوائری رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے حکم دیا کہ وزارت داخلہ ٹرین حادثے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائے، یہ رپورٹ دیکھنے کے بعد اس کیس کا فیصلہ دوں گا۔

یہ بھی پڑھیں:  سانحہ تیزگام: تبلیغی جماعت کا اہم خط جاری

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا تھا، تاہم عدالتی حکم کے باوجود وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ نے جواب داخل نہیں کرایا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت 13 جنوری تک کے لیے ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ تیز گام کا یہ افسوس ناک سانحہ 31 اکتوبر کو پیش آیا تھا جب صوبہ پنجاب کے شہر لیاقت پور کے قریب تیز گام ٹرین کی 3 بوگیوں میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 74 افراد جاں بحق ہوئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں