بنکاک: تھائی لینڈ میں تفریحی جزیرے فوکٹ میں کیچڑ کے تودے گرنے سے روسی جوڑا اور 9 تارکین وطن سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
روئٹرز کے مطابق تھائی لینڈ کے ریزورٹ جزیرے فوکٹ میں کیچڑ کے تودے گرنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد تیرہ ہو گئی ہے، بیس افراد زخمی ہیں، اتوار کو حکام نے لاپتا افراد کی تلاش کا کام بند کر دیا۔
حکام کے مطابق مڈ سلائیڈنگ مسلسل ہونے والی بارشوں کی وجہ سے ہوئی، جس جگہ کیچڑ کا تودا گرا وہاں زیادہ تر مزدور کام کر رہے تھے، کیچڑ میں دبنے سے 9 مزدور ہلاک ہوئے، جب کہ مڈ سلائیڈنگ میں سیاحت پر آیا ہوا ایک روسی جوڑا بھی ہلاک ہو گیا۔
مزدوروں کا تعلق میانمار سے تھا اور وہ محنت مزدوری کے لیے آئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں دو افراد تھائی لینڈ کے شہری بھی ہیں۔ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 6 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فوکٹ کے گورنر سوفون سوانارت کے مطابق کیچڑ کے تودے تھائی لینڈ کے جنوب میں ایک مشہور سیاحتی مقام بِگ بدھا میں گرے، تودوں سے 209 گھر بھی متاثر ہوئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ حکام متاثرین کے رشتہ داروں اور سفارت خانوں سے رابطے میں ہیں۔