اگر حجام غلط بال کاٹ دے تو لوگ اس سے لڑتے جھگڑتے ہیں لیکن کوئی حجام کے بال نہیں کاٹتا ایک واقعے میں سیاح نے غلط بال کاٹنے پر حجام کے بال ہی اڑا دیے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی شہری تھائی لینڈ کے شہر پٹایا کے دورے پر تھا جب اس نے مقامی حجام کی ایک دکان پر بال کٹوانے کا فیصلہ کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق سیاح سیلون میں آیا اور حجام کو ہاتھوں کے اشاروں سے بتایا کہ وہ کس طرح کے بال بنوانا چاہتا ہے کیونکہ مبینہ طور پر سیاح کی انگریزی بہت کمزور تھی۔
تاہم بال کٹوانے کے دوران ایک موقع پر جب روسی سیاح نے آئینے میں خود کو دیکھا اس کے غصے کی انتہا نہ رہی۔ اس نے میز پر مکے مارنا شروع کر دیے اور حجام کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کرنے لگ گیا۔ سیاح نے غصے میں میز سے شیونگ مشین اٹھائی اور حجام کے اگلے بالوں کا کچھ حصہ مونڈ دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حجام کے زبردستی بال کاٹنے کے بعد سیاح اپنے بال کٹائی کی ادائیگی کے بغیر ہی جلدی سے حجام کی دکان سے باہر نکل گیا۔ اس سارے منظر نے جائے وقوعہ پر موجود عملے اور دیگر گاہکوں کو حیران کردیا۔