مظفرگڑھ: جنوبی پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی گئی دوسری ’تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی‘ میں نادر مگسی نے میدان مار لیا، صاحبزادہ سلطان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے حکومتِ پنجاب کی جانب سے منعقدہ ریلی میں 41 گاڑیوں نے ریتیلے اور دشوار ٹریک پر خوب مہارت دکھائی۔
جیپ ریلی میں سب کی نظریں نادر مگسی اور صاحبزادہ سلطان پر تھی‘ دونوں نے ایک دوسرے پر سبقت لےجانےکے لیے کٹھن ٹریک پر خوب محنت کی۔
ٹریک میں شامل متعدد گاڑیاں ریتیلے ٹریک پر پھنس گئیں جبکہ صاحبزادہ سلطان جوکہ پہلے نمبر تھے ریس ختم ہونے سے 40 کلو میٹر قبل ٹائر برسٹ ہوجانے کے سبب دوسرے نمبر پر آگئے‘ اس خطرناک صورتحال میں بھی انہوں نے گاڑی پر قابو رکھا اور تین ٹائروں کے ساتھ پہلی پوزیشن نہیں تو دوسری کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔
نادر مگسی نے 184 کلو میٹر کا فاصلہ دو گھنٹے‘ 17 منٹ اور 7 سیکنڈ میں طے کرکے سب کو پیچھے چھوڑ دیا‘ جبکہ صاحبزاد محمد علی سلطان دوگھنٹے‘ 32 منٹ اور 7 سیکنڈ کے ساتھ دوسرے اورانس خاکوانی تیسرے نمبر پر رہے۔
اس جیپ ریلی کے انعقاد کے مقصد صحرائے تھر اور جنوبی پنجاب کی ثقافت کاابلاغ‘ سیاحت کا فروغ اور مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنا اور موٹر سپورٹس کے شوق کی حکومتی سطح پر سرپرستی ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔