نویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی آصف فضل چوہدری کے نام رہی اور انہوں نے پری پیئرڈ کٹیگری میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
تھل جیپ ریلی میں آخری روز اتوار کو شدید اسموگ کے باعث ٹریک پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث پری پیئرڈ کیٹیگری کے مقابلے 4 گھنٹے 40 منٹ کی تاخیر سے ہوئے۔ 200 کلومیٹر کا ٹریک کم کر کے 30 کلومیٹر تک محدود کرنا پڑا۔
پری پیئرڈ کیٹیگری میں 3 خواتین سمیت 34 ریسرز نے حصہ لیا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں گاڑی الٹنے کے باعث معمولی زخمی ہونے والے غیرملکی ریسر آصف علی بھی پری پیئرڈ کیٹیگری کے مقابلے میں شریک ہوئے۔
ریلی شروع ہوئی تو معروف ریسر نادر مگسی سب سے پہلے ٹریک پر روانہ ہوئے تاہم مقابلہ آصف فضل چوہدری کے نام رہا۔
آصف فضل چوہدری صرف 18 منٹ اور 3 سیکنڈ میں اختتامی پوائنٹ پر پہنچ کر پہلے نمبر پر رہے۔ فیصل شادی خیل 18 منٹ 12 سیکنڈز میں فاصلہ طے کر کے دوسرے جب کہ صاحبزادہ سلطان 18 منٹ 16 سیکنڈز میں فاصلہ طے کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔
خواتین ریسرز میں دینا پٹیل بازی لے گئیں۔ لالین اخونزادہ نے دوسری جب کہ سلمیٰ مروت نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسٹاک کٹیگری میں حسن علی مگسی نے میدان مارا۔
ریلی میں پہلی بار بگھی ریس بھی متعارف کرائی گئی، جس میں ندیم خان کامیاب ہوئے۔۔ انعامات تقسیم کرنے کی تقریب فیصل اسٹیڈیم میں ہوئی، جہاں گلوکاروں نے اپنے فن کا زبردست مظاہرہ کیا۔
تھل جیپ ریلی میں شائقین کی تفریح طبع کے لیے چائے، جلیبی، پکوڑوں اور کھانے پینے کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے جس سے شائقین خوب محظوظ ہوئے اور مقابلوں کو انجوائے کرنے کے ساتھ ساتھ زبان کے ذائقوں سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔