اتوار, مئی 4, 2025
اشتہار

پاکستان میں تھیلیسیمیا کے کیریئرز کی تعداد 1 کروڑ سے زائد ہے، ڈاکٹر ثاقب انصاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ماہرِ امراض خون اور صدر عمیر ثناء فاؤنڈیشن ڈاکٹر ثاقب انصاری نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں تھیلیسیمیا کے کیریئرز کی تعداد 1 کروڑ سے زائد ہے، حکومت اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔

تفصیالت کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا پاکستان میں ہر سال 5000 بچے تھیلیسیمیا کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں، اور ملک بھر میں تھیلیسیمیا میجر کے 90 ہزار مریض زندگی بھر کے لیے خون کے محتاج ہیں۔

ڈاکٹر ثاقب انصاری تھیلیسیمیا

انھوں نے کہا تھیلیسیمیا کی بنیادی وجہ خاندان میں شادی اور شادی سے قبل ٹیسٹ کا نہ ہونا ہے، جب کہ شادی سے پہلے خون کا ٹیسٹ تھیلیسیمیا سے بچاؤ کا واحد اور مؤثر حل ہے۔

ڈاکٹر ثاقب نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شادی سے پہلے ٹیسٹ کو لازمی اور مفت کیا جائے، اور نکاح رجسٹرار کو اسکریننگ رپورٹ کے بغیر نکاح رجسٹری سے روکا جائے، ہر نکاح سے قبل تھیلیسیمیا اسکریننگ رپورٹ لازم قرار دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ ہر ضلع میں جینیاتی مشاورت مراکز قائم کیے جائیں، اسکول و کالج نصاب میں تھیلیسیمیا آگاہی شامل کی جائے، متاثرہ بچوں کے لیے سرکاری فنڈنگ اور مفت علاج کی سہولت دی جائے، قومی سطح پر مانیٹرنگ کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے، اور شناختی کارڈ میں تھیلیسیمیا کیریئر اسٹیٹس شامل کیا جائے۔

انھوں نے بتایا کہ عمیر ثناء فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا آگاہی اور علاج پر 20 سال سے سرگرمِ عمل ہے، یکم تا 8 مئی تھیلیسیمیا آگاہی مہم شروع کی گئی ہے، جس کے تحت 5 مئی کو ہمدرد یونیورسٹی میں واک اور 7 مئی کو پریس کلب میں چراغ روشن کیے جائیں گے، اور 8 مئی کو تھیلیسیمیا ڈے پر خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں