کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ویسٹ انڈیز کی سیریز کامیاب ہونے پر سندھ حکومت اور تماشائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وعدہ کرتا ہوں کہ اگلے سال نیشنل اسٹیڈیم مکمل تیار ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہناتھا کہ ’کراچی والو! آپ کابہت بہت شکریہ، سیکیورٹی اداروں اور سندھ حکومت کے تعاون کے بغیرایونٹ کا انعقاد ممکن ہی نہیں تھا‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ وعدہ کرتاہوں اگلےسال نیشنل اسٹیڈیم مکمل تیارہوگا اور اب ہمارے پاس لاہور کے علاوہ کراچی کا اسٹڈیم بھی ہوگا جہاں میچز کھیلے جائیں گے، چیئرمین پی سی بی نے کراچی آنے پر ویسٹ انڈیزکی ٹیم بھی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’کراچی کے شائقین نے پورے پاکستان کا دل جیت لیا، پولیس ، رینجرز، فوج نے بہت تعاون کیا، نیشنل اسٹیڈیم کےاطراف کے لوگوں کو جو تکلیف پہنچی اُس پر معذرت خواہ ہوں‘۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہناتھا کہ ’پورایقین تھا کہ ’نوجوان کھلاڑی اچھا کھیل پیش کریں گے، اس لیے ہم اُن کو پورا موقع دے رہے ہیں، ہماری ٹیم مستقبل میں اور بھی زیادہ اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔
سرفراز احمد کا کہناتھا کہ اچھی سے اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل سے کھیلنے کا موقع دے رہے ہیں، اب ہم دنیا کی بہترین ٹیموں کےساتھ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
کپتان کا کہنا تھا کہ آج ایسا محسوس ہورہا تھا کہ تماشائی نہیں آئیں گے مگر اتنی بڑی تعداد میں شائقین کو دیکھ کر حیران رہ گیا، یہاں کے لوگوں کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔
مزید پڑھیں: شاہینوں نے کالی آندھی کو وائٹ واش کردیا
واضح رہے کہ کراچی میں پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل کے بعد 9 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی تھی، اس ضمن میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم سرفراز الیون کے ساتھ تین ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی، تینوں میچوں میں شاہینوں نے کالی آندھی کو باآسانی شکست دے کر وائٹ واش کیا۔