ہفتہ, نومبر 30, 2024
اشتہار

تھرپارکر میں دل دہلا دینے والا واقعہ ، ایک ہی گھر 5 لاشیں برآمد

اشتہار

حیرت انگیز

تھرپارکر : ننگرپارکر کے گاؤں کویا میں گھر سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں ملیں ، سربراہ شنکر ٹھاکر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور بچوں کو زہر دے کر قتل کیا اور خودکشی کرلی۔

تفصیلات کے مطابق تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر کے گاؤں کویا میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک ہی گھر سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ گھر کے سربراہ شنکر ٹھاکر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور بچوں کو زہر دے کر قتل کیا اور پھر خودکشی کرلی، گھر کا سربراہ شنکر ٹھاکر، اس کی بیوی، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

- Advertisement -

گاؤں کے مکینوں نے اس اندوہناک واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے، اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ ہوئی۔ ایس ایچھ او ننگرپارکر پیتامبر شرما کے مطابق گاؤں کی دور افتادگی کے باعث ابتدائی تفصیلات اکٹھی کرنے میں مشکلات پیش آئیں، اور مزید معلومات ٹیم کے واپس آنے پر متوقع ہیں تاہم واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق رواں سال خودکشی کے واقعات کی تعداد 135 تک جا پہنچی ہے ، یہ واقعہ تھرپارکر میں رواں سال خودکشی کے مبینہ واقعات میں اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

اس افسوسناک سانحے نے علاقے میں ذہنی صحت اور سماجی مسائل کے حوالے سے کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ سماجی حلقے ان بڑھتے واقعات پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔

جاں بحق خاندان کا تعلق ٹھاکر (راجپوت) برادری سے ہے، جو تھرپارکر کے معاشرتی تانے بانے میں ایک اہم طبقہ ہے۔

سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے اور متاثرہ افراد کو مناسب نفسیاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ غربت، بیروزگاری، اور سماجی دباؤ جیسے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومتی سطح پر موثر اقدامات ضروری ہیں۔

یہ واقعہ تھرپارکر کے عوام اور حکام کے لیے ایک بڑا چیلنج پیش کرتا ہے اور علاقے میں سماجی و نفسیاتی مسائل کے حل کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

Comments

اہم ترین

سحرش کھوکھر
سحرش کھوکھر
Sehrish Khokhar is ARY News Sukkur Correspondent

مزید خبریں