اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

تھر میں آسمانی بجلی سے متاثرہ خاندانوں سے وزیراعلی اور آئی جی سندھ کا اظہار تعزیت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ سید کلیم امام نے سندھ کے صحرائی علاقوں میں آسمانی بجلی سے متاثرہ خاندانوں کی مدد اور ان کو ریسکیو کرنے کیلئے ہدایات جاری کردیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھر میں آسمانی بجلی سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چار صوبائی وزراء سمیت مقامی منتخب نمائندگان پر مشتمل دو کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، وزراء کمیٹی میں صوبائی وزیر محبوب الزمان، سردارشاہ، فرازڈیرو، عبدالباری پتافی شامل ہیں۔

- Advertisement -

کمیٹی ارکان تھر میں ہونے والے نقصانات کاجائزہ لے کر اپنی سفارشات وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کریں گے، ذرائع کے مطابق صوبائی وزراء کل تھر پہنچ کر ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کریں گے۔

دوسری جانب سندھ کے صحرائی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے متعلقہ ایس ایس پیز کو ہدایات دی ہیں کہ جاں بحق افراد کے گھروں پر تعزیت کے لیے جائیں۔

آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں شدید بارشوں سے متاثرہ لوگوں کو ریسکیو کریں اور ان کی ہر ممکن مدد اور تعاون کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں سے متاثرہ اورمختلف علاقوں میں ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ پولیس جملہ فرائض انتہائی مستعد اور متحرک رہتے ہوئے انجام دے۔

مزید پڑھیں : سندھ میں آسمانی بجلی گرنے سے 26 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ سندھ کے ضلع تھرپارکر اور سانگھڑ میں گزشتہ روز بجلی گرنے کے واقعات میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے، متاثرہ علاقوں میں درجنوں مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں