ٹھٹھہ میں پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر منشیات سپلائی کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ کے حکم پر شہر کے قریب سی آئی اے پولیس نے کارروائی کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ناکہ بندی دیکھ کر ملزمان نے گاڑی بھگائی جس کے نتیجے میں حادثے کا شکار ہوئی، گاڑی سے 740 کلو گٹکے کی تیاری میں استعمال اشیا اور ڈیڑھ کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی۔
سی ائی اے انچارج انسپکٹر ممتاز بروہی نے بتایا کہ ڈرائیور محمد انس کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا، ملزم کے خلاف کراچی کے گلستان جوہر تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریلوے پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی، کروڑوں مالیت کی ہیروئن برآمد
28 نومبر 2024 میں سہراب گوٹھ میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں کھلے عام منشیات کی خرید و فروخت کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں پولیس کی موجودگی میں منشیات کی خرید و فروخت دیکھی جا سکتی ہے۔
جنت گل ٹاؤن کی کچی آبادی میں منشیات فروش فروخت کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ویڈیو میں منشیات فروشوں سے رقم لیتے ہوئے پولیس اہلکار بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ سہراب گوٹھ تھانے میں تعینات اہلکار عمران منیشات فروشوں سے رقم وصولی کرتا ہے، اہلکار عمران پہلے بھی منظم جرائم کی سرپرستی میں معطل ہو کر بی کمپنی جا چکا ہے، عمران کھوکھر سچل بس ٹرمنل پر اسمگلنگ اور سہراب گوٹھ میں منشیات فروشی میں ملوث رہا۔