بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 146 واں یوم پیدائش آج ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے مزار قائد پر گارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 146 واں یوم پیدائش ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے مزار قائد پر گارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل عمر عزیز تھے جب کہ پاک فوج کے اعلیٰ افسران، ڈی جی رینجرز، ٓئی جی سندھ ودیگر بھی شریک تھے۔
گارڈ کی تقریب میں پاکستان ملٹری کاکول کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
تقریب کےمہمان خصوصی میجر جنرل عمر عزیز نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ مہمان خصوصی نے تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد پرحاضری دی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ اُمید کی کرن کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان کی ترقی میں سب کا ساتھ ضروری ہے۔ پڑوسی ملک بھارت نہیں چاہتا پاکستان ترقی کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا ہم متحد رہیں گے تو ہر بحران کا سامنا کر پائیں گے۔ قوم مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔
علاوہ ازیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر زیارت کی قائداعظم ریزیڈنسی میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی۔ صوبائی وزیر نور محمد دمڑ شریک ہوئے۔ قائداعظم ریزیڈنسی بانی پاکستان کی وہ رہائش گاہ ہے جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے۔