اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں پہنچنے والے 80 اراکین کے پاس عوام کا مینڈیٹ ہی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما و سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے حلف اٹھانے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نو منتخب اراکین قومی اسمبلی پر گولہ باری کرتے ہوئے کہا تھا کہ حالیہ الیکشن کے بعد منتخب ہونے والے 80 اراکین اسمبلی کے پاس کے عوامی مینڈیٹ نہیں ہے۔
سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز ایسے اراکین کو جن کے پاس عوامی مینڈیٹ موجود نہیں انہیں اراکین سے نکالنے کے لیے بھرپور جدو جہد کریں گے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا
یاد رہے ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، جس کے بعد ارکان کی جانب سے باری باری رجسٹرمیں دستخط کیے جا رہے ہیں۔
خیال رہے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف ایک سواٹھاون نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہےجب کہ مسلم لیگ (ن) بیاسی نشستوں کے ساتھ دوسرے، پیپلز پارٹی ترپین نشستوں کے ساتھ تیسر ے نمبر پر ہے۔
متحدہ مجلس عمل پندرہ نشستوں کے ساتھ چوتھے، متحدہ قومی موومنٹ سات نشستوں کے ساتھ پانچویں، مسلم لیگ (ق) پانچ نشستوں کے ساتھ چھٹے، بلوچستان عوامی پارٹی پانچ نشستوں کے ساتھ ساتویں اور بلوچستان نیشنل پارٹی چار نشستوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔
جی ڈی اے نے قومی اسمبلی میں کل تین نشستیں حاصل کیں جب کہ عوامی نیشنل پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے