جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

ورلڈ کپ 2023 کا سب سے بڑا سوال؟

اشتہار

حیرت انگیز

ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر نومبر میں بھارت میں ہونا ہے تاہم اس ایونٹ کا سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائے گا؟

اے آر وائی نیوز کے مطابق ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر نومبر میں بھارت میں ہونا ہے تاہم اس ایونٹ کا سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان ورلڈ کپ کھیلنے بھارت جائے گا؟ کیونکہ بھارت کی جانب سے کھیل میں سیاست کو داخل کرنے اور دونوں ملکوں میں تعلقات کی سرد مہری نے کرکٹ کو نشانہ بنایا ہوا ہے۔

بھارت صرف انٹرنیشنل کثیر القومی ٹورنامنٹ میں پاکستان سے کھیلتا ہے اس کے علاوہ کرکٹ میں سیاست کو لے آتا ہے۔

- Advertisement -

بھارت جس نے کھیل کے میدان کو بھی اپنی من مرضی کی سیاست سے آلودہ کر دیا ہے وہ 2008 کے بعد سے پاکستان نہیں آیا جب کہ پاکستان دھمکیوں کے باوجود 2016 میں بھارت گیا اور وہاں جاکر سخت مخالف اور کشیدہ ماحول میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلا۔
تاہم اس بار کشمکش بھارت کے ایشیا کپ میں پاکستان نہ آنے سے شروع ہوئی۔ بھارت نے حسب معمول میں نہ مانوں کی رٹ لگائے رکھی اور دباؤ اتنا بڑھایا کہ ایشیا کپ کے ہلکے میچ پاکستان میں جب کہ بھاری میچ سری لنکا میں منتقل کرا دیے۔

آئی سی سی ایک روزہ عالمی کپ اسی سال بھارت میں شیڈول ہے تو اب پاکستان کی باری ہے کہ وہ ٹیم بھیجے گا یا نہیں۔ اس حوالے سے سابق چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی ایشیا کپ کے لیے بھارت کے نہ آنے پر پاکستان کو بھی ورلڈ کپ کے لیے ان کے ملک نہ بھیجنے کی دھمکی دے چکے تھے لیکن اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

وزیراعظم شہباز شریف اس حوالے سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے چکے ہیں جو تمام امور کا جائزہ لے کر وزیراعظم کو سفارشات دے گی جس کےبعد حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

حکومت پاکستان ورلڈ کپ کے حوالے سے کیا فیصلہ کرتی ہے اس پر آئی سی سی سمیت تمام دنیا کی نظریں لگی ہیں کیونکہ پاک بھارت ٹاکرا دنیا بھر میں توجہ کا محور رہتا ہے اور وہ لوگ جو کرکٹ سے شغف نہیں رکھتے وہ بھی کھیل کی اس جنگ کو دیکھنے کے لیے بے تاب رہتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں