اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا، کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
لاکھوں کا اجتماع آج کشمیریوں کی حمایت میں اسلام آباد میں کھڑا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی عوام نے کشمیرمارچ میں شرکت کر کے مودی کو پیغام دیا، کشمیری شہدا کو خراج عقید ت، بینائی سے محروم کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارتی جبر کے باوجود حریت قیادت کی زبان پر پیغام ہوتا ہے ہم پاکستانی ہیں، کشمیریوں آپ ہمارے اور ہم تمہارے ہیں، کوئی طاقت ہمیں جدا نہیں کرسکتی، کشمیر میں ایک قیامت گزر گئی ، ہر گلی و کوچہ ایک کربلا بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر کے شکار آج 18 ہزارکشمیری نوجوان گرفتار ہیں، مقبوضہ وادی میں 14 ہزار کشمیری خواتین کی عصمت دری کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا، کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 140 دن ہوگئے، مظلوم کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں، اشیائے خورونوش کی شدید قلت کا سامنا ہے، وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز مسلسل معطل جا رہی ہیں، جبکہ قابض فورسز کا گھر گھر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔